کراچی میں غیرقانونی پورشن مافیا کے کارندے بے لگام ہو گئے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ نارتھ ناظم آباد میں کاشف حسین نامی شخص پر فلیٹ کی فروخت کے نام پر شہری سے 80 لاکھ روپے وصول کر کے رقم ہڑپ کرنے اور واپسی کا تقاضا کرنے پر سنگین دھمکیاں دینے کا الزام سامنے آیا ہے۔
ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی مفاہمت ناگزیر ہے، بلاول بھٹو زرداری
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری عبدالرحمن (یا عبدالمنان) نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں شکایت درج کروائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کاشف حسین نے فلیٹ دلوانے کے نام پر 80 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم نہ فلیٹ دیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
مقدمے کے متن کے مطابق رقم کی واپسی کے لیے کاشف حسین نے شہری کو نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں اپنے دفتر بلایا، جہاں متاثرہ شہری کے ہمراہ اس کے والد بھی موجود تھے۔ شکایت کے مطابق دفتر پہنچتے ہی ملزم نے پستول تان لی جبکہ اس کے ساتھ موجود دیگر مسلح افراد نے بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق کاشف حسین نے کہا کہ جیل جانا اس کے لیے کوئی مسئلہ نہیں اور اگر رقم مانگی گئی تو وہ شہری اور اس کے خاندان کو قتل کر دے گا۔ ملزم نے خود کو گینگسٹر گروپ کا سپورٹر قرار دیتے ہوئے جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکی بھی دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں کاشف حسین، راہب علی اور دیگر نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے نوٹس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتاری متوقع ہے۔
