کراچی: سائٹ ایریا میں واقع ایک صنعتی فیڈر سے سالانہ ایک کروڑ یونٹس سے زائد بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ ترجمان کے۔الیکٹرک کے مطابق منظم مقامی مافیا کی جانب سے بجلی چوری کی جارہی تھی، جس کے باعث نہ صرف بجلی کے نظام پر شدید دباؤ پڑا بلکہ نقصانات میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان کے۔الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کارروائی سے قبل متعلقہ صنعتی فیڈر پر بجلی کے نقصانات 60 فیصد سے تجاوز کر چکے تھے، جبکہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران اوسط نقصانات 53 فیصد رہے۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ اس صنعتی فیڈر سے بجلی چوری کے باعث بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو شدید مسائل کا سامنا تھا۔
کارروائی کے دوران فیلڈ ٹیموں کو منظم مافیا کی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم کے۔الیکٹرک کی ٹیموں نے پولیس اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔
ترجمان کے مطابق ایچ ٹی نیٹ ورک سے منسلک اوور ہیڈ اور زیرِ زمین غیر قانونی کیبلز کا ایک منظم جال بے نقاب کیا گیا، جسے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تمام غیر قانونی کیبلز ہٹا دی گئی ہیں تاکہ نظام کی بہتری اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کے۔الیکٹرک نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور اس جرم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
