کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر سافٹ اینٹی اینکروجمنٹ آپریشن کے بعد نیو کراچی میں ہارڈ اینٹی اینکروجمنٹ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن (ر) فرید نے کی، جبکہ کے ایم سی اینٹی اینکروجمنٹ ٹیم اور مقامی پولیس نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی دکانوں اور تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق بارہا وارننگ کے باوجود مقررہ حدود سے تجاوز کرنے اور عوامی راستوں میں رکاوٹ ڈالنے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ نیو کراچی میں بالخصوص سندھی ہوٹل کے اطراف تجاوزات کی بھرمار تھی، جس کے باعث عوام شدید اذیت کا شکار تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات مافیا کو شہر میں کسی صورت پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن ضلع وسطی سے شروع کیا گیا ہے جو مرحلہ وار پورے شہر تک پھیلایا جائے گا۔ انتظامیہ کسی بھی دکاندار کو اپنی دکان کے سامنے تھڑے یا غیر قانونی تعمیرات قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے کی صورت میں سخت کارروائی اور اینکروجرز کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

