اسلام آباد/کراچی: سول اور عسکری قیادت نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ایک خودمختار، جمہوری اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی ریاست کے ان کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔
سائٹ ایریا میں صنعتی فیڈر سے بجلی چوری کا بڑا انکشاف، سالانہ ایک کروڑ یونٹس سے زائد نقصان
سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فجر کے بعد مساجد میں قائداعظم، ملک کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کا یومِ پیدائش جمہوریت، آئین کی بالادستی، سماجی انصاف، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی حکمرانی پر مبنی فلاحی ریاست کے وژن سے وابستگی کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصول ہماری قومی طاقت کی بنیاد اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے وقار، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے قائداعظم کی وراثت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں قائداعظم کی قیادت کی دائمی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قوم، بالخصوص نوجوانوں، سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت، انصاف اور مساوات کے اصولوں کو اپنائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال قائداعظم کے 150ویں یومِ پیدائش کے موقع پر 2026 کو ’’یومِ قائداعظم کا سال‘‘ قرار دیا جائے گا تاکہ ان کی زندگی، جدوجہد اور وژن کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکے۔
دوسری جانب عسکری قیادت نے بھی قائداعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قائداعظم کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے ساتھ قومی استحکام، امن اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔
