کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھتہ خوری کے خلاف کل ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ملاقات، امن و امان پر تفصیلی بریفنگ
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت سے بھی بات چیت ہو چکی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلانے والے مافیا کے سرغنوں کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹس جاری کیے جائیں گے تاکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ماضی میں بھی بھتہ خوری کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں اور اس بار بھی بھتہ خوروں کے خلاف بھرپور کامیابی حاصل کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
