پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پر لگائے گئے الزامات دراصل اخلاقی دیوالیہ پن اور فکری افلاس کی بدترین مثال ہیں۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ بھٹو شہید پر الزام لگانا حافظ نعیم الرحمٰن کی تاریخ سے لاعلمی اور سیاسی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت جھوٹ، دونمبری اور بھونڈے بیانات کے ذریعے اپنی عوامی ناپسندیدگی اور سیاسی یتیمی چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
وقار مہدی کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پر بیہودہ الزامات دراصل پاکستان کے آئین، جمہوریت اور عوامی جدوجہد پر حملہ ہیں۔ بھٹو شہید نے ملک و قوم کے لیے اپنی جان قربان کی، جبکہ جماعت اسلامی کی سیاست ہمیشہ وقتی مفادات اور سستی شہرت کے گرد گھومتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، تاریخ سب کچھ محفوظ رکھتی ہے اور عوام اصلی اور نقلی قیادت میں واضح فرق جانتے ہیں۔ پیپلز پارٹی بھٹو شہید کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور ہر محاذ پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت نے ایوب خان، یحییٰ خان اور ضیاء الحق جیسے آمروں کا ساتھ دیا اور ہر آمریت کو دوام بخشنے میں کردار ادا کیا۔ جماعت اسلامی نے ہر دورِ آمریت میں سیاسی اور مالی فوائد حاصل کیے اور جمہوریت کے بجائے طاقت کے مراکز کی حمایت کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مکالمے کے بجائے شدت پسندی اور تشدد کی راہ اپنائی اور آج بھی اس کی قیادت تاریخ کے درست رُخ میں نہ پہلے تھی اور نہ آج ہے۔
