واشنگٹن: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امریکا میں سعودی سرمایہ کاری کو 600 ارب ڈالر سے بڑھا کر ایک کھرب ڈالر کرنے کا اعلان کر دیا۔
تیموریہ میں موٹر سائیکل لفٹنگ گینگ گرفتار، متعدد چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد
منگل کو امریکی صدر نے سعودی ولی عہد کا وائٹ ہاؤس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا، جس میں اعلیٰ امریکی اور سعودی حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران طیاروں کی فلائی پاسٹ کے بعد دونوں رہنماؤں نے اوول آفس میں ملاقات کی اور عالمی سرمایہ کاری، دفاعی معاہدے اور خطے میں امن کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں سعودی ولی عہد کو انتہائی قابل احترام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امریکا کا عظیم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک دفاعی معاہدوں پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایف 35 لڑاکا طیارے خریدے گا اور ابراہیمی معاہدے پر مثبت بات چیت ہوئی ہے۔
سعودی ولی عہد نے بتایا کہ امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کو بڑھا کر ایک کھرب ڈالر کیا جائے گا۔ اس موقع پر صحافیوں کے سوال کے جواب میں محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ حقیقی مواقع ہیں جو امریکا اور سعودی عرب کے لیے باہمی مفاد میں ہیں، خاص طور پر اے آئی اور کمپیوٹنگ پاور کے شعبے میں۔
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد نے کہا کہ وہ ابراہیمی معاہدے میں شامل ہو کر فلسطین اور اسرائیل کے لیے امن اور دو ریاستی حل کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے جوہری معاہدے پر بھی بات کی اور کہا کہ سعودی عرب اس حوالے سے اپنا بہترین کردار ادا کرے گا۔
