کراچی: بجلی چوری کے خلاف مؤثر اقدامات کے سلسلے میں کے الیکٹرک نے حال ہی میں بن قاسم اور سائٹ ایریا میں بڑے پیمانے پر کنڈا ہٹاؤ آپریشنز کیے، جنہیں مقامی مافیا کی شدید مزاحمت کا سامنا رہا۔ یہ کارروائیاں یار محمد گوٹھ اور سمر گارڈن (بن قاسم) اور باوانی چالی سینٹرل اسٹور (سائٹ ایریا) کے صنعتی علاقوں میں عمل میں لائی گئیں، جو طویل عرصے سے غیرقانونی کنکشنز کے باعث زیادہ نقصان والے علاقے سمجھے جاتے تھے۔
شرجیل میمن: سندھ کی تقسیم ممکن نہیں، ایم کیو ایم کی تنقید فضول ہے
کے الیکٹرک کی ٹیموں نے مزاحمت کے باوجود 1,300 کلوگرام سے زائد غیرقانونی تاریں ہٹا دی ہیں، جس کے نتیجے میں ماہانہ تقریباً 120,200 یونٹس کی چوری روکنے میں کامیابی حاصل ہوئی، جو سالانہ 1,560,000 یونٹس بنتی ہے۔ یہ چوری شدہ یونٹس تقریباً 120 ملین روپے کے مالی نقصان کا باعث بنتی تھیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے بتایا کہ مقامی مافیا کی منظم شمولیت کے باعث یہ آپریشنز انتہائی چیلنجنگ تھے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے یہ کارروائیاں کامیابی سے مکمل ہوئیں۔ آپریشن کے دوران پتھراؤ اور رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں بھی کی گئیں۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیرقانونی سرگرمیوں کی نشاندہی میں فعال کردار ادا کریں تاکہ کراچی میں مؤثر اور پائیدار بجلی کے نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
