کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری سے انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر شوکت علی عرف آغا شوکت ولد ابراہیم سونارا کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ حکومت سندھ نے اس کی گرفتاری پر انعامی رقم مقرر کر رکھی تھی۔
ڈیفنس میں پولیس اور ملزمان کا مقابلہ — ایک زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ و مسروقہ موٹرسائیکل برآمد
تفصیلات کے مطابق آغا شوکت 2004 میں لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالرحمن ڈکیت گروپ میں شامل ہوا، 2009 میں پیپلز امن کمیٹی اور 2013 میں کمانڈر نور محمد عرف بابا لاڈلہ کے گروہ کا حصہ بنا۔ ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، منشیات فروشی اور متعدد پولیس مقابلوں میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی آپریشن کے دوران آغا شوکت گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرونِ ملک فرار ہوگیا تھا، تاہم واپس آ کر دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔ اس کا نام سی ٹی ڈی سندھ کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ریڈ بُک میں بھی شامل ہے۔
ملزم کے خلاف قتل، اقدامِ قتل، پولیس مقابلے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت لیاری کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ رینجرز نے گرفتار ملزم کو اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لیے قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر اطلاع دیں، آپ کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
