دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبرز میں شمار ہونے والے مسٹر بیسٹ—جن کے سبسکرائبرز کی تعداد 45 کروڑ سے زائد ہے—نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک عارضی تفریحی پارک قائم کر دیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب تیزی سے اپنے آپ کو خطے کے ایک بڑے تفریحی مرکز کے طور پر منوانے کی کوشش میں ہے۔
پی ایس ایل فرنچائزز کی ویلیوایشن مکمل پی سی بی نے 10 سالہ نئے معاہدوں کی پیشکش کر دی
’بیسٹ لینڈ‘ کے نام سے قائم یہ پارک 13 نومبر سے 27 دسمبر تک کھلا رہے گا۔ پارک میں مختلف چیلنجز اور رکاوٹوں پر مبنی سرگرمیاں شامل ہیں، جو مسٹر بیسٹ کی مشہور ویڈیوز سے متاثر ہیں۔ زائرین ان چیلنجز میں حصہ لے کر بڑے انعامات بھی جیت سکتے ہیں۔
یہ پارک ریاض سیزن کا حصہ ہے — ایک سالانہ میلہ جس کا مقصد دارالحکومت کو عالمی معیار کے تفریحی اور سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنا ہے۔ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے سعودی عرب مشہور عالمی شخصیات کو مدعو کر کے اپنی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مسٹر بیسٹ کا کہنا ہے کہ ان کے زیادہ تر ناظرین شمالی امریکا کے باہر رہتے ہیں، اور مشرق وسطیٰ میں ان کی ویڈیوز دیکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ریاض میں موجود اپنے مداحوں کے لیے کچھ منفرد اور یادگار تخلیق کرنا تھا۔
اس سے قبل مسٹر بیسٹ نے پارک کے داخلی دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی۔ یہ دروازہ نیلے رنگ کے شیر کے دیوکالپ سر کی شکل میں بنایا گیا ہے، جس کی آنکھوں میں بجلی کی چمکتے ہوئے روشن اثرات نظر آتے ہیں—جو ان کے مشہور لوگو سے مشابہت رکھتے ہیں۔
ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے منفرد پروجیکٹس میں سے ایک ہے اور وہ بےحد پُرجوش ہیں کہ لوگ اس تجربے کو کس طرح دیکھیں گے۔
