سینیٹ نے 27ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار رہے گا

سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے آئین میں 27ویں ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جس کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ بل میں شامل اضافی شقیں قومی اسمبلی سے پہلے ہی منظور ہوچکی تھیں، جبکہ اجلاس کے ایجنڈے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی ممکنہ بندش سے متعلق رپورٹ بھی شامل تھی۔
Thursday, 13th November 2025

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اجلاس کے دوران کہا کہ شاہ محمود قریشی کے استعفے کے حوالے سے ابھی تک کوئی تحریری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی ارکان نے ایوان میں احتجاج اور نعرے بازی کی۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار رہے گا، اور موجودہ چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی مدت کے اختتام تک اسی حیثیت میں فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ وزیر قانون نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 176 میں ترمیم کے ذریعے یہ ابہام ختم کر دیا گیا ہے کہ مستقبل میں یہ عہدہ ایف سی سی اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان میں سے سینئر ترین جج کے پاس ہوگا۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ آرٹیکل 6 کے تحت آئین شکنی یا مارشل لا کی کسی بھی کوشش کی کوئی عدالت توثیق نہیں کر سکے گی۔ چیف جسٹس اور آڈیٹر جنرل کے حلف چیف جسٹس آف پاکستان لیں گے۔

اجلاس میں دیگر امور پر بھی رپورٹس پیش کی گئیں، جن میں فوڈ سیکیورٹی کمیٹی کی رپورٹ، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل 2025، اسٹیٹ بینک کی مالی سال 25-2024 کی رپورٹ، اور مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی تین سالہ رپورٹ شامل تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم بھاری اکثریت سے منظور کی تھی — ترمیم کے حق میں 234 ووٹ جبکہ مخالفت میں صرف 4 ووٹ پڑے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری بھی اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ "ایوان نے آج اتحاد اور یکجہتی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔” انہوں نے واناکیڈٹ کالج حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

58 / 100 SEO Score

One thought on “سینیٹ نے 27ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری دے دی چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ برقرار رہے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!