کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے ایرانی تیل کی اسمگلنگ اور غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ایرانی ڈیزل اور سامان برآمد کر لیا۔
محمود مولوی کی سینئر صحافیوں سے ملاقات، سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر اتفاق
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائیاں شہباز گوٹھ، نادرن بائی پاس، کے ڈی اے لنک روڈ اور سپر ہائی وے سے ملحقہ علاقوں میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔
دورانِ کارروائی 16,750 لیٹر ایرانی ڈیزل، 7 ڈیجیٹل فلنگ یونٹس، 16 پیٹر انجن، 2 جنریٹرز، 190 فٹ پلاسٹک پائپ اور 308 بور رائفل بمعہ ایمونیشن (بغیر لائسنس) تحویل میں لے لی گئیں۔
برآمد شدہ ڈیزل اور دیگر سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کی جانب سے اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔
ترجمان نے یقین دلایا کہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
