پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد موجود تھے۔
اسامہ حمدان طے شدہ معاہدہ غزہ پر جنگ کے مکمل خاتمے کا معاہدہ ہے ثالثی پر بین الاقوامی نگرانی لازم ہے
فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، جب کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے شہید میجر سبطین حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
گزشتہ روز بھی اورکزئی میں اسی گروہ کے خلاف کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان شہید اور 19 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ حالیہ ہفتوں میں خیبرپختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے۔
