کراچی (کرائم رپورٹر) — دو روز قبل محمد خان کالونی اتحاد ٹاؤن میں ٹک ٹاکر گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہونے کے واقعے کے بعد پولیس نے سخت ایکشن لے لیا۔
کراچی میں فیس لیس ای-ٹکٹنگ سسٹم، ٹرانسپورٹرز نے نظام کو سراہا
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کی ہدایت پر ضلع کیماڑی پولیس نے محمد خان کالونی اور ملحقہ علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران دونوں متحارب گروپوں سے تعلق رکھنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد ہوا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عظمت اللہ خان، محمد سیف، محمد وصال خان، سید عالم شاہ، عامر اور عمر کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد سیف کے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل جبکہ عظمت اللہ کے قبضے سے پستول برآمد ہوا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 4 کا تعلق ٹک ٹاک 109 گروپ جبکہ 2 کا تعلق ٹک ٹاک 313 گروپ سے ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو تھانہ اتحاد ٹاؤن میں درج مقدمہ الزام نمبر 415/2025 بجرم دفعہ 147/148/149/397/353/302/337Hii/337Ai/R/W 7ATA میں شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں برآمد اسلحے پر سندھ آرمز ایکٹ کے تحت الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق مزید ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائیاں اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

