لاہور: سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کرسکتا ہے، اس لیے ہمیں دشمن کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ وہ "پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر آصف علی زرداری نے سندھ-پنجاب کشیدگی ختم کرنے کیلئے وزیر داخلہ کو کراچی طلب کر لیا
ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکوں کے بعد پاکستان اور اس کی افواج کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے جبکہ بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے مسلم دنیا کی قیادت کو ختم کرنے کے لیے عراق، لیبیا، مصر اور شام کو تباہ کیا، ایران پر بھی حملے کیے، لیکن پاکستان واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے جو دشمن کو کھٹکتی ہے۔ ان کے مطابق بھارت کے اندرونی سیاسی حالات ایسے ہیں کہ کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف دوبارہ کارروائی ہوسکتی ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل (ر) ساجد حبیب نے کہا کہ بھارت کی پشت پناہی یافتہ کالعدم ٹی ٹی پی پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، اگر بھارت نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تو اس بار "70 جہاز گرائیں گے”۔
خارجہ امور کے ماہر محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان کے چین اور امریکا کے ساتھ متوازی تعلقات اہم سفارتی کامیابی ہیں مگر ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے کیپیسٹی بلڈنگ ناگزیر ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فقدان پر سنجیدہ اقدامات درکار ہیں۔
ریئر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر آپریشنل بنانا ناگزیر ہے، بصورت دیگر پاکستان کو بحری سلامتی کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا رہے گا۔
تقریب میں دیگر مقررین نے بھی زور دیا کہ فوج نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے لیکن سیاسی اور معاشی میدان میں مزید اقدامات کی فوری ضرورت ہے تاکہ پاکستان اپنے دفاع اور سفارت کاری کو مزید مؤثر بنا سکے۔
