دبئی (اسپورٹس ڈیسک) — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کے صائم ایوب شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر آگئے۔
این سی سی آئی اے کا بانی پی ٹی آئی سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دوبارہ تفتیش کا فیصلہ
صائم ایوب 4 درجے بہتری کے بعد دنیا کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں، انہوں نے بھارتی آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا سے پہلی پوزیشن چھین لی، جبکہ پانڈیا اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز بھی رینکنگ میں 4 درجے ترقی کے بعد 13ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ فہیم اشرف 35ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ بھارت کے ابھیشیک شرما نے 931 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
بولرز رینکنگ میں اتار چڑھاؤ
بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورون چکرورتی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستان کے ابرار احمد 3 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو 9 درجے بہتری کے بعد 12ویں اور پاکستان کے شاہین آفریدی 12 درجے ترقی کے بعد 14ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے سفیان مقیم 3 درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر جبکہ حارث رؤف 5 درجے گر کر 33ویں نمبر پر آگئے۔ دوسری جانب بھارت کے جسپریت بمرا نے شاندار بہتری دکھاتے ہوئے 12 درجے ترقی کے بعد 29ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
