واشنگٹن (نامہ نگار) — وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اوول آفس میں اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلی کا امکان، پیپلز پارٹی قیادت نے منظوری دیدی
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات خوشگوار اور گرمجوش ماحول میں ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو امن کا علم بردار قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت کو جرات مندانہ اور فیصلہ کن قرار دیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون، علاقائی سلامتی، اور سیکیورٹی و انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی عوامی توثیق پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کر کے خطے کو بڑی تباہی سے بچانے میں کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کے دوران شہباز شریف نے غزہ میں جنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
ملاقات 55 منٹ تک جاری رہی اور اس دوران وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
