ایوالک (ترکی): ماہرینِ آثار قدیمہ نے ترکی کے ساحلی علاقے ایوالک میں 138 قدیم پتھر کے اوزار دریافت کیے ہیں، جو انسانی ارتقاء اور تکنیکی مہارتوں کے بارے میں اہم شواہد فراہم کرتے ہیں۔
سائٹ انڈسٹریل ایریا کی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 5 ارب روپے جاری
یہ اوزار ایک مخصوص پتھر تراشنے کی تکنیک لیوالوآس طریقہ کے ذریعے بنائے گئے، جسے نیاندرتھالز استعمال کرتے تھے۔ اس تکنیک میں پتھر کو خاص انداز میں تراش کر شکار، دفاع اور روزمرہ کے دیگر کاموں کے لیے اوزار تیار کیے جاتے تھے۔
دریافت شدہ اوزاروں میں مختلف اقسام کی کلہاڑیاں، خنجر اور دیگر تیز دھار اوزار شامل ہیں۔ یہ نوادرات تقریباً 200 مربع کلومیٹر رقبے پر 10 مختلف مقامات سے ملے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ علاقہ قدیم ادوار میں انسانی آبادیوں کا مسکن رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایوالک قدیم انسانوں کے یورپ کی جانب ہجرت کے راستے میں اہم مقام تھا۔ ماضی میں جب سمندر کی سطح کم تھی تو یہ علاقہ زمینی راستوں سے یورپ جانے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
یہ دریافت اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ قدیم انسانوں نے اپنے ماحول کے مطابق اوزار تیار کیے اور انہیں روزمرہ کی زندگی میں استعمال کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ شواہد انسانی ترقی اور قدیم دور کی نقل و حرکت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
