کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میں شفافیت اور جواب دہی یقینی بنانے کے لئے نوٹسز کے اجراء کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا۔ اب ہر قسم کے نوٹسز (غیر قانونی تعمیرات، سیلنگ، اجیکٹمنٹ، اعتراضات یا آبزرویشنز) صرف ایس بی سی اے اسمارٹ پورٹل کے ذریعے ہی جاری ہوں گے۔
ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نظام میں ہر نوٹس اسکیننگ، بار کوڈنگ اور واٹر مارک کے ساتھ تیار کیا جائے گا اور اس کی ایک کاپی پورٹل پر اپ لوڈ ہوگی تاکہ ریکارڈ اور مانیٹرنگ میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے شاہ میر خان بھٹو نے واضح کیا کہ بغیر بار کوڈ اور پورٹل پر اپ لوڈ ہوئے کوئی نوٹس قابلِ قبول نہیں ہوگا۔ دستی یا غیر رجسٹرڈ نوٹس غیر قانونی اور ناقابلِ عمل تصور ہوں گے جبکہ اس عمل کی خلاف ورزی کرنے والے افسر ذاتی طور پر جواب دہ ہوں گے۔
مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر اپنے دائرہ اختیار میں نوٹسز جاری کریں گے، آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ پورٹل کی سکیورٹی اور لاگ اِن آئی ڈیز کی نگرانی کرے گا جبکہ ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) وقتاً فوقتاً نوٹسز کا آڈٹ کریں گے۔
ایس بی سی اے حکام کے مطابق یہ قدم کرپشن کی روک تھام اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری آپریشن کو شفاف اور مؤثر بنانے کی بڑی کوشش ہے۔
