قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے اعلیٰ افسران کے خلاف کرپشن، غیر قانونی تعمیرات اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں نیب نے ایک خفیہ مراسلہ جاری کیا ہے جس میں ایس بی سی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سے فوری طور پر ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کا دورہ، طلبہ کا پاکستان سے اظہارِ یکجہتی
تحقیقات کا دائرہ
نیب کے مطابق تحقیقات موجودہ سابقہ ڈائریکٹرز جنرل ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی، ڈی جی اسحاق کھوڑو اور دیگر افسران تک پھیلائی گئی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ہائی رائز بلڈنگز کے پرمٹس کرپشن اور غیر قانونی طریقوں سے جاری کیے اور خلاف ضابطہ تعمیرات کی سرپرستی کی۔
ریکارڈ کی تفصیلات
مراسلے کے تحت ایس بی سی اے کو 30 ستمبر 2025 تک تمام مطلوبہ ریکارڈ کراچی کے جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) بلڈنگ میں واقع نیب کے سی آئی ٹی سیکشن میں جمع کرانا ہوگا۔ ان تفصیلات میں شامل ہیں:
پلاٹس کی کیٹیگری (رہائشی، کمرشل، صنعتی یا ملی استعمال)
اسکیم کا پرانا یا نیا ریکارڈ
تعمیراتی اجازت نامے کی تاریخ
مجموعی کورڈ ایریا اور نیٹ ایریا
فلور ایریا ریشو (FAR) کے تحت اجازت
تعمیر شدہ منزلوں کی اصل تعداد
گراؤنڈ چیک کے مطابق خلاف ورزیاں اور غیر قانونی تعمیرات کی فہرست
عدم تعاون پر سخت وارننگ
نیب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایس بی سی اے نے ریکارڈ فراہم نہ کیا یا تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی تو یہ بدنیتی اور دانستہ عدم تعاون تصور ہوگا۔ اس صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت کارروائی کی جائے گی، جس کی سزا دس سال تک قید ہو سکتی ہے۔
سات بڑے منصوبے زیر تفتیش
ذرائع کے مطابق نیب نے اس خط کے ساتھ سات بڑے پلاٹس اور منصوبوں کی فہرست بھی منسلک کی ہے، جن میں ضابطوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔ یہ منصوبے کراچی کے مختلف اضلاع میں قائم ہیں اور ان پر تعمیر ہونے والی عمارتوں میں قواعد کی بڑی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں
ماہرین کی رائے
شہری اور ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ مافیا برسوں سے انتظامیہ اور ایس بی سی اے کی چشم پوشی میں پروان چڑھتا رہا ہے۔ اگر نیب کی موجودہ انکوائری مؤثر انداز میں آگے بڑھی تو یہ اسکینڈل بڑے پیمانے پر کرپٹ افسران اور تعمیراتی مافیا کو بے نقاب کر سکتا ہے۔
High Rise Buildings