قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ متحد ہوکر فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کریں۔
لانڈھی ٹاؤن یوسی 9 کی تباہ حالی، سوشل میڈیا ویڈیو پر فوری ایکشن: احمد رضا
امیر قطر نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور صیہونی حکومت انسانیت کے خلاف جرائم میں تمام حدیں پار کرچکی ہے۔ ان کے مطابق ’’گریٹر اسرائیل‘‘ کا منصوبہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔
شیخ تمیم نے واضح کیا کہ قطر نے ہمیشہ خطے میں ثالث کا کردار ادا کیا لیکن اسرائیل نے امن کی ہر کوشش سبوتاژ کی اور حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اسرائیل کے یرغمالیوں کی رہائی کے دعوؤں کو جھوٹ اور گمراہ کن قرار دیا۔
امیر قطر نے کہا کہ صیہونی حکومت کے اقدامات قطر سمیت خطے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف ہیں اور یہ انسانی اقدار اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جسے کسی طور برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہوکر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہوسکے۔
