لاہور (کورٹ رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔
گلوکارہ آئمہ بیگ نے پروپوزل ڈے کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں
اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے انہیں جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
سماعت کے دوران شیر شاہ کے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف نہ تو کوئی بیان موجود ہے اور نہ ہی کوئی براہِ راست ثبوت۔ انہوں نے کہا کہ 28 ماہ تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور اچانک گرفتار کر لیا گیا، جب کہ دیگر ملزمان جن پر زیادہ سنگین الزامات تھے وہ پہلے ہی ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔
وکیل کا مزید کہنا تھا کہ شیر شاہ سے مبینہ طور پر پلانٹڈ ریکوری دکھائی گئی اور صرف شریک ملزم کی نشاندہی پر گرفتاری عمل میں لائی گئی، جو قانوناً درست نہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت کئی ملزمان کو پہلے ہی ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہ ریز خان کی بھی اسی مقدمے میں ضمانت منظور کی گئی تھی۔ شاہ ریز کو چند روز قبل پولیس نے 9 مئی 2023 کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا، جس پر علیمہ خان نے الزام لگایا تھا کہ ان کے بیٹے کو اغوا کیا گیا۔
آج کی سماعت کے دوران شیر شاہ، جو اپنے بھائی کی پیشی کے لیے عدالت آیا تھا، خود بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تاہم اب عدالت نے ان کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
