کراچی (15 مارچ 2026): کمشنر کراچی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل کالونی نے ناقص اور غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والی ڈیریوں کے خلاف کارروائی کی۔ اس موقع پر سندھ فوڈ اتھارٹی (SFA) کی ٹیم بھی موجود تھی اور مختلف ڈیری شاپس کی جانچ پڑتال کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اسلاموفوبیا کے عالمی دن پر پیغام: نفرت کے بجائے برداشت کو فروغ دیں
کارروائی کے دوران دودھ کے نمونے ٹیسٹ کے لیے لیے گئے، جن میں متعدد دکانوں کا دودھ غیر معیاری اور غیر تسلی بخش پایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل کے مطابق غیر معیاری دودھ فروخت کرنے پر الحمد ڈیری اور کراچی ڈیری پر دس، دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ الزینب ڈیری کو سب سے زیادہ بیس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ راجپوت ڈیری، الحماد ڈیری اور شان راجپوت ڈیری کو بھی دس، دس ہزار روپے کے چالان کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ڈیری مالکان کو خبردار کیا کہ اگر آئندہ دودھ کے معیار کو بہتر نہ کیا گیا تو متعلقہ دکانیں مکمل طور پر سیل کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

