اسلام آباد (15 مارچ 2026) – وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے حوالے سے حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج 2026 کے تمام انتظامات مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر بھروسہ نہ کریں۔
میئر کراچی کا لیاری ندی میں پانی کی سپلائی کے منصوبے کا دورہ، چوری روکنے اور شفاف فراہمی پر زور
وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل مکمل طور پر جاری ہے اور وزارت یقینی بنا رہی ہے کہ حج کی روانگی کے تمام مراحل بروقت مکمل ہوں۔ باضابطہ شیڈول اور پروازوں کی تفصیلات عید الفطر کے بعد عوام کو فراہم کی جائیں گی تاکہ عازمین حج اطمینان کے ساتھ اپنی روانگی کی تیاری کر سکیں۔
مزید برآں، وزارت نے یہ واضح کیا کہ مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل معلومات بھی عید الفطر کے بعد فراہم کی جائیں گی تاکہ حج کے دوران کوئی دشواری نہ ہو۔ ترجمان نے عوام کو خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے اور حج کے حوالے سے صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں۔
