بنوں (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے ایف سی لائن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ واقعے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق منگل کی صبح ایف سی لائنز کے مرکزی دروازے پر خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد دہشت گرد احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے تاہم فورسز نے بھرپور مزاحمت کی۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان کے مطابق آپریشن کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں سلیم عباس کر رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں کو احاطے کے اندر گھسنے سے روک دیا گیا۔ آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
لکی مروت میں فائرنگ، 2 اہلکار شہید
دوسری جانب، لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود مچن خیل اڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول بنوں، پشاور، کرک، لکی مروت اور باجوڑ میں دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جولائی میں بھی بنوں میں پولیس اور چیک پوسٹوں کو کئی بار نشانہ بنایا گیا تھا۔
سکیورٹی اداروں نے گزشتہ ماہ بنوں کے حوید اور وزیرآباد میں آپریشن کے دوران 14 دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے ان کے ٹھکانے تباہ کیے تھے۔
