کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ملائیشیا کے قونصلیٹ جنرل نے آزادی کی 68ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا آغاز ملائیشیا کے قومی پرچم جلور جیملانگ کو بلند کرنے اور قومی ترانے نیگاراکو کی ادائیگی سے ہوا، جس میں کراچی میں مقیم ملائیشین کمیونٹی، طلباء، مقامی افراد اور ملائیشیا کے دوستوں نے شرکت کی۔
قاسم گارمنٹس کمپنی کے مزدوروں کا احتجاج، بھتہ خوروں اور دھمکیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہردیناتا احمد نے اپنے خطاب میں آزادی کی جدوجہد میں بانی نسل کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مدنی ویژن کے تحت ملائیشیا امن، شمولیت اور ہمدردی کی اقدار کو پروان چڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2025 میں اہم سنگ میل حاصل کیے گئے، جن میں کوالالمپور اور کراچی کے درمیان ایئر ایشیا ایکس کی براہ راست پروازوں کا آغاز، آسیان فرینڈ شپ باؤلنگ ٹورنامنٹ، ثقافتی میلوں کا انعقاد اور آئندہ نمائش "جوم ملائیشیا چلو!” شامل ہے، جو 13 سے 15 ستمبر کو میریٹ ہوٹل کراچی میں منعقد ہوگی۔ اس نمائش کے ذریعے پاکستان میں ملائیشیا کی تعلیم، ثقافت، تجارت اور سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔
قونصل جنرل نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے بلکہ خطے میں آسیان کی موجودگی کو بھی تقویت دیں گے، خصوصاً اس لیے کہ 2025 میں ملائیشیا آسیان کی صدارت کر رہا ہے۔
تقریب میں ملائیشین پکوان بھی پیش کیے گئے جن سے شرکاء نے روایتی ذائقوں کا لطف اٹھایا۔ تقریب کا اختتام ملائیشیا کے امن، خوشحالی اور اتحاد کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔

