اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — نامور صحافی اور فنانشل ڈیلی انٹرنیشنل کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سید منور حسین نقوی 74 برس کی عمر میں اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کو اتوار کے روز نمازِ جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا، جس میں اہل خانہ، دوست احباب، صحافی برادری اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سید منور حسین نقوی نے صحافتی کیریئر کا آغاز ڈیلی سن کراچی سے کیا اور بعد ازاں ڈیلی سن لاہور، ڈیلی مسلم اسلام آباد اور دی نیشن اسلام آباد سے وابستہ رہے۔ انہوں نے اپنی صحافتی بصیرت اور تحقیقی صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔
مرحوم نے طویل عرصہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) میں بھی خدمات انجام دیں، جہاں وہ Higher Education News کے ایڈیٹر اور بعدازاں ڈائریکٹر اکیڈمک کے عہدے پر فائز رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ صحافت میں قدم رکھا اور فنانشل ڈیلی انٹرنیشنل میں ریذیڈنٹ ایڈیٹر کے ساتھ ساتھ معروف کالم "کیپیٹل واچ” لکھتے رہے، جو سیاسی، معاشی اور سماجی امور پر گہری بصیرت کا عکاس تھا۔
مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ، بیٹے عباس نقوی اور بیٹی صدف نقوی کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ صحافتی اور علمی برادری نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فنانشل ڈیلی انٹرنیشنل نے اپنے سینئر ساتھی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
