کراچی (اسٹاف رپورٹر) قاسم گارمنٹس کمپنی کی ورکر ایکشن کمیٹی کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مزدوروں نے بھتہ خوری اور دھمکیوں کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔
میئر کراچی کا نیا جام صادق بریج کا دورہ، پانچ ماہ میں 1.5 کلومیٹر طویل پل کی تکمیل آخری مرحلے میں
ورکرز ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے کہا کہ وہ کئی سالوں سے کمپنی میں کام کر رہے ہیں، لیکن مسلسل ہراسانی کا شکار ہیں۔ مظاہرین کے مطابق ملیر کے علاقے سے تعلق رکھنے والا عادل مشتاق آرائیں اور اس کے ساتھی بھتہ نہ دینے پر اغوا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
مزدور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عادل مشتاق آرائیں سنگین جرائم میں ملوث اور مختلف ہنگامہ آرائیوں کا سہولت کار ہے۔ اس کے خلاف تھانہ سکھن اور شاہ لطیف تھانے میں مقدمات بھی درج ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ ہمیں عادل مشتاق آرائیں اور اس کے غنڈوں سے جان کا خطرہ ہے، لہٰذا ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
قاسم گارمنٹس کے مزدوروں نے آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے اپیل کی کہ معاملے کی تحقیقات کرائی جائے اور بھتہ خور عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔


