لاہور (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر لاہور سے چین کے شہر تیانجن روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم 25 ویں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس موقع پر وہ چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور بڑی چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔
رینجرز کی کارروائی، اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی و بھتہ خوری میں ملوث خطرناک ملزم گرفتار
وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
سربراہی اجلاس میں وزیراعظم خطے میں امن کے فروغ، علاقائی روابط میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ اجلاس کے بعد وہ بیجنگ میں پیپلز وار آف ریزسٹنس کی فتح کی 80 ویں سالانہ تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس سے قبل اپنے ویڈیو بیان اور سی جی ٹی این کے پروگرام گلوبل ساؤتھ وائسز میں کہا کہ پاکستان چین تعلقات اعتماد اور اسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او سیکیورٹی، تجارت، توانائی اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہے اور کثیر القطبی دنیا میں اس کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ایس سی او خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے کلیدی پلیٹ فارم ہے اور سربراہی اجلاس سے خطے میں نئے اجتماعی عزم سامنے آئیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی خطے کے امن و خوشحالی کی ضمانت ہے۔
