عید میلادالنبی ﷺ کے شایان شان انتظامات، وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اہم اجلاس

کراچی :  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوسوں اور تقاریب کی سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

پاک فوج کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن تیز، 2 جوان شہید، 2 زخمی

اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، ریاض شاہ شیرازی، سینیٹر وقار مہدی اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب شریک ہوئے۔ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور کے الیکٹرک کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس موقع پر ویڈیو لنک کے ذریعے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی آئی جیز نے بھی شرکت کی، جبکہ حاجی حنیف طیب، مفتی نذیر جان، صاحبزادہ فرید الدین قادری، ثروت اعجاز قادری، مولانا اکبر درس، قاضی احمد نورانی، علامہ جمیل راٹھوڑ، مفتی محمد قاسم اور علامہ اشرف گورمانی سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام بھی شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے آغاز میں شرکاء کو ماہِ ربیع الاول کی آمد پر مبارکباد دی اور کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت تمام انسانیت کے لیے رحمت اور ہدایت کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی 1500 ویں ولادت باسعادت کو عقیدت و احترام کے ساتھ شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ہدایت دی کہ صوبے بھر میں جلوسوں اور تمام پروگراموں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کمشنرز کو صفائی ستھرائی، سڑکوں اور نکاسی آب کے نظام کی مرمت کے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر جشن کے دوران بلا تعطل بجلی فراہم کریں۔

اجلاس میں علمائے کرام نے عید میلادالنبی ﷺ کے پرامن اور مذہبی جوش و جذبے سے انعقاد کے لیے تجاویز پیش کیں جن پر وزیراعلیٰ نے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ انتظامیہ علما کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر انتظامات کو بہتر بنائے تاکہ جشن اتحاد، عقیدت اور احترام کا عملی مظہر بن سکے۔

59 / 100 SEO Score

One thought on “عید میلادالنبی ﷺ کے شایان شان انتظامات، وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اہم اجلاس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!