راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا ہے کہ پاک فوج نے ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مزید تیز کردیا ہے، جس کے دوران 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
ضلع ملیر میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں و محافل کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار
ترجمان پاک فوج کے مطابق کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ گلگت بلتستان میں فضائی امدادی کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں۔ شاہراہ قراقرم کو بحال کردیا گیا ہے اور غذر کی شاہراہوں کی مرمت و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 28 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پلوں اور سڑکوں کی بحالی مکمل کرلی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیلاب متاثرین میں اب تک 225 ٹن راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں پاک فوج کے فلڈ یونٹس سرگرم عمل ہیں جبکہ میڈیکل کیمپس میں 20 ہزار سے زائد افراد کو علاج اور طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور اعلیٰ عسکری قیادت کی ہدایت پر امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے
