کراچی : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے آرمز ٹریفکنگ مانیٹرنگ ڈیسک انٹیلی جنس ونگ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے درہ آدم خیل سے اسلحہ اسمگل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن، 248 کلوگرام منشیات برآمد، 6 ملزمان گرفتار
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انچارج اے ایس آئی کفیل احمد اعوان کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک شخص درہ آدم خیل سے غیر قانونی اسلحہ کراچی اسمگل کر کے لا رہا ہے۔ اطلاع پر اے ایس آئی کفیل احمد اعوان نے ہیڈ کانسٹیبل شاھان جدون، جنید سولنگی، فیصل، نعیم اور دانیال پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ تین ہٹی چوک حسینی یتیم خانہ کے قریب حکمت عملی سے ناکہ بندی کی۔ کارروائی کے دوران نشاندہی پر ایک شخص کو روکا گیا جس نے اپنا نام نبی آمین ولد سیف الملوک بتایا۔
جامع تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 3 پستول اور 62 گولیاں برآمد ہوئیں جن کے بارے میں وہ کوئی قانونی شواہد پیش نہ کرسکا۔ ملزم کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کی گئیں تو اس نے انکشاف کیا کہ وہ عرصہ دراز سے خیبرپختونخوا کے درہ آدم خیل سے اسلحہ اسمگل کرکے کراچی میں فروخت کرتا ہے۔
ملزم نے بتایا کہ وہ یہ اسلحہ درہ آدم خیل کے ڈیلرز عطاء اللہ، مشتاق، رحیم گل اور شاہ حسن سے منگواتا ہے اور کراچی میں اسے جرائم پیشہ افراد کے علاوہ بعض اوقات کراچی یونیورسٹی کے طلباء بھی آن لائن بک کرتے ہیں۔ اسلحہ زیادہ تر بس اور کوریئر سروسز کے ذریعے کراچی اور سندھ کے مختلف اضلاع میں پہنچایا جاتا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کے انکشافات کے بعد مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
عوام الناس کو متنبہ کیا گیا ہے کہ آن لائن سروسز کے ذریعے اسلحہ منگوانا غیر قانونی ہے، لہٰذا صرف سندھ حکومت سے جاری کردہ لائسنس پر لائسنس یافتہ ڈیلر سے ہی اسلحہ خریدا جائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
