کراچی (اسٹاف رپورٹر) — گلشن حدید میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ٹیم نے فیمس بیکری کے خلاف کارروائی کی، جس پر مالکان نے شدید احتجاج کیا۔
فیمس بیکری انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ بیکری نے 2022 میں باقاعدہ طور پر نقشہ منظور کرایا تھا جبکہ گلشن حدید سوسائٹی کی منظوری اور متعلقہ دستاویزات بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بیکری کو پاکستان اسٹیل کی جانب سے 30 اسکوائر یارڈ ایکسٹرا لینڈ بھی 2022 میں الاٹ کی گئی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق ایس بی سی اے کی جانب سے کسی قسم کا نوٹس فراہم نہیں کیا گیا اور اچانک کارروائی کی گئی، جس کے باعث ہاتھا پائی کی نوبت بھی آئی۔
فیمس بیکری مالکان کا کہنا ہے کہ بغیر نوٹس کارروائی قانون کے خلاف ہے اور وہ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر جائیں گے۔