لاہور: پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور لاہور میں زیرِ علاج تھے۔
دوسرے ون ڈے میں پاکستان کا بنگلہ دیش کو 275 رنز کا ہدف
اہلخانہ کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج رات 9 بجے جامعہ نعیمہ لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں شوبز شخصیات، مداحوں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
شجاعت ہاشمی کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کے نمایاں اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ خاص طور پر مشہور ڈرامہ سیریل وارث میں مولاداد کے کردار نے انہیں بے پناہ شہرت اور مقبولیت دلائی۔
انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم 1970 کی دہائی میں رکھا اور طویل عرصے تک ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں اپنے فن کا جادو جگاتے رہے۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 1994 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔
شجاعت ہاشمی نے اپنے کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈرامہ کوہر سے کیا جبکہ ان کی پہلی پنجابی فلم چھڈ برے دی یاری 1975 میں ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں اور ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
سن 1979 میں ریلیز ہونے والی فلم خاک اور خون میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا جسے ناظرین نے بے حد پسند کیا۔
ان کے انتقال پر شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور انہیں پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے ایک باصلاحیت اور باوقار اداکار کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
