اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف عید الفطر کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
آپریشن غضب للحق میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابیاں، 663 طالبان ہلاک
ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جبکہ پیٹرولیم لیوی میں 21 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ باقی 36 روپے فی لیٹر اضافے کا فائدہ کس کو پہنچا اور اس حوالے سے شفاف تحقیقات کی جانی چاہئیں۔
طارق حسن کا کہنا تھا کہ حکومت نے دو سال قبل پٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کے باعث ڈیلرز کے لیے تیل خریدنے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ قیمتوں میں اضافے سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا جبکہ پٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شفاف تحقیقات نہ کی گئیں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ نہ کیا گیا تو 26 مارچ سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کی جائے گی جس سے پٹرول پمپ بند ہو سکتے ہیں اور ملک میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
