کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی کے حلقہ پی ایس 99 میں یو سی ون سے ڈاکٹر جمال اور خالد محسود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اقراء سٹی میں عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سندھ بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور بجلی گرنے کا خدشہ
جلسے میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے نائب صدر و وزیراعلیٰ کے مشیر امان خان محسود، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند، سینئر نائب صدر سرور خان غازی، انفارمیشن سیکریٹری فرخ نیاز تنولی، پی ایس 99 کے صدر مستی خان، جنرل سیکریٹری علی شیر گبول، انفارمیشن سیکریٹری فراز احمد، سینئر نائب صدر نومی اقبال پیرزادہ، نائب صدر نور اکاخیل، یو سی ون کے چیئرمین بادشاہ دین محسود سمیت پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کہا کہ عوام کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور علاقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
جلسے کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور کارکنان نے "جیے بھٹو”، "بی بی زندہ ہے” اور "پاکستان پیپلز پارٹی زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے، جبکہ عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

