کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے حب کینال منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کراچی کے لیے 100 ایم جی ڈی اضافی پانی فراہم کرنے والا منصوبہ فعال ہو گیا ہے۔ اس سے ڈسٹرکٹ سنٹرل، ایسٹ اور کیماڑی کے مکینوں کو پانی کی فراہمی فوری طور پر شروع کر دی جائے گی، جبکہ لیاری کے لیے اضافی پانی پہنچانے کا پی سی ون بھی تیار ہو چکا ہے۔
بانی ایم کیو ایم سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، پاکستان کی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں — گورنر سندھ
بلاول بھٹو نے بتایا کہ پرانے حب کینال کی مرمت جاری ہے اور کراچی کے لیے پانی کے کوٹے میں اضافے کی کوشش کی جائے گی کیونکہ عوام کا سب سے بڑا مطالبہ ہمیشہ پانی کی قلت ختم کرنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل حیدرآباد میں اسٹیڈیم اور آٹو بھان روڈ کا افتتاح کیا گیا، جو عوامی خدمت کے تسلسل کا حصہ ہے۔
پی پی چیئرمین نے کراچی اور حیدرآباد کے جیالوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برسوں آمریت اور نفرتوں کا مقابلہ کیا، لاشیں اٹھائیں، جیلیں کاٹیں اور دہشتگردوں کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میئر منتخب ہونے کے بعد حالات بدل جائیں گے، اور آج پہلی بار صوبائی و بلدیاتی حکومتیں ہم آہنگ ہو کر کام کر رہی ہیں، جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ڈی سالینیشن پلانٹ لگا کر سمندری پانی کو میٹھا بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں "شہباز اسپیڈ” کی امید تھی مگر "شہباز سلو” ملا۔ یہ ممکن نہیں کہ لاہور میں تیز رفتاری اور کراچی میں سست روی ہو، لہٰذا وزیراعظم کراچی سے کیے گئے وعدے پورے کریں۔
