کراچی (کورٹ رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں گارڈن ویسٹ رمضان آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے ایس بی سی اے اور کے ایم سی حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس بی سی اے حکومت کا سب سے بدنام ادارہ ہے اور اس کے افسران کے لیے جہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی۔
کراچی کیلئے 100 ایم جی ڈی پانی کا نیا حب کینال منصوبہ مکمل، بلاول بھٹو کا افتتاحی خطاب
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ عمارت مکمل ہونے کے بعد اب تک کیا کارروائی کی گئی؟ ڈائریکٹر ایس بی سی اے نے مؤقف اپنایا کہ معاملہ اب نوٹس میں آیا ہے اور عدالتی حکم پر کارروائی کی جائے گی۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے سخت لہجے میں کہا کہ آپ عدالتی حکم کے بغیر کام کیوں نہیں کرتے؟ کوئی مر جائے تو مرے، آپ حرکت میں نہیں آتے، آپ کا کام صرف ٹیبل کے نیچے سے پیسے لینا ہے۔
عدالت نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری کارروائی اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے 16 ستمبر تک عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ گارڈن ویسٹ میں گراونڈ پلس ون کی اجازت ہے لیکن خلاف قانون گراونڈ پلس فور عمارت تعمیر کی گئی اور رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
