کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے جشنِ آزادی (معرکہ حق) کے موقع پر شہر بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام زونل ڈی آئی جیز کو سخت احکامات جاری کر دیے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کو بلا امتیاز فوری گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جائیں، جبکہ ون ویلنگ، ریسنگ اور دیگر خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تفریحی مقامات اور عوامی اجتماعات میں بدنظمی یا نازیبا حرکات کے مرتکب افراد کے خلاف بھی فوری ایکشن لیا جائے۔ دہشت گرد یا شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور حساس مقامات، عوامی اجتماعات و اہم تنصیبات پر گشت اور ناکہ بندی مزید بڑھانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جشنِ آزادی کو خوشی، قانون پسندی اور قومی یکجہتی کے ساتھ منائیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہوائی فائرنگ کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 یا قریبی تھانے کو دیں۔