کراچی (رپورٹ) — کراچی کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعمیر کیا جانے والا طویل المدتی اور اہم منصوبہ نیو حب کینال مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً 22 سال بعد کراچی میں پانی کی فراہمی کا پہلا بڑا منصوبہ ہے، جسے شہر کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاح سے قبل میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے افسران اور ماہرین کے ہمراہ منصوبے کا دورہ کیا اور تمام سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ماہرین نے کینال کو مکمل فعال اور محفوظ قرار دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غیر مصدقہ ویڈیوز اور تصاویر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیوز دراصل واٹر کارپوریشن کی جانب سے منصوبے کے مختلف مراحل کی دستاویزی ریکارڈنگ کے طور پر بنائی گئی تھیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اگر کسی کام میں خرابی ہوتی تو کیا ادارہ خود اس کی ویڈیو بناتا؟ انہوں نے واضح کیا کہ ویڈیو پرانی ہے اور کنکریٹ ورک کی ٹیسٹنگ کے مرحلے کی ریکارڈنگ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ افتتاح سے قبل ہر منصوبے میں ٹیسٹنگ کا عمل لازمی ہوتا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خرابی کو دور کیا جا سکے۔ واٹر کارپوریشن سیکشن وائز، دو دو کلومیٹر پر مشتمل مرحلہ وار ٹیسٹنگ کر رہی ہے۔
ادھر پروجیکٹ کنسلٹنٹ نے بتایا کہ جو ویڈیو وائرل کی گئی وہ 25 دن پرانی ہے، اور موجودہ صورتحال سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانی کینال میں تین شگاف جان بوجھ کر ڈالے گئے تھے تاکہ پانی کے دباؤ اور نظام کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔
ڈاکٹر رافع صدیقی نے کہا کہ نیو حب کینال منصوبہ کراچی کے پانی کے مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے، اور عوام کو جلد اس کے ثمرات ملنا شروع ہو جائیں گے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اداروں کا ساتھ دیں تاکہ شہر کی ترقی کے عمل کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔
منصوبے کا باضابطہ افتتاح 13 اگست کو کیا جائے گا۔

