کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی خصوصی ہدایت پر جشنِ آزادی کے سلسلے میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ضلع وسطی عاصم عباسی نے گلبرگ سب ڈویژن کے نورانی پارک، بلاک 20 میں پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
کراچی: ڈیفنس میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق، بیٹا اور شہری زخمی
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ افشان ریکی، میونسپل کمشنر، ڈائریکٹر پارکس، فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران، سیلانی ویلفیئر کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شریک ہوئے۔ یہ مہم سیلانی ویلفیئر کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عاصم عباسی نے کہا کہ "معرکۂ حق جشنِ آزادی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے اور شجر کاری اس کا اہم جزو ہے۔ درخت نہ صرف آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ ماحول کو بہتر بنانے، کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور درجہ حرارت کو کم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "درختوں کے معاشی فوائد بھی نمایاں ہیں، یہ ہماری غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، اور جو پھل ہم کھاتے ہیں وہ درختوں کی ہی بدولت ہیں۔”
تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور پاک فوج کے شہداء کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

