کسٹمز حکام نے بڑی کارروائی کے دوران ضبط شدہ منشیات، مضر صحت، اور زائد المیعاد اشیاء کو نذر آتش کر دیا۔ اس موقع پر باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کلکٹر کسٹمز معین الدین احمد وانی، دیگر اعلیٰ افسران اور معززین نے شرکت کی۔
سندھ حکومت نے ہنرمند و نیم ہنر مند افراد کی نئی کم از کم اجرت مقرر کر دی اطلاق یکم جولائی سے ہوگا
ترجمان کسٹمز کے مطابق جلائی جانے والی اشیاء میں 3,969 بوتلیں غیر ملکی شراب، 408 بیئر کے کین، 2,316 کلوگرام چرس، 337 ٹن چھالیہ، 26 ٹن انڈین گٹکا، 90 ہزار سے زائد غیر ملکی سگریٹس، 48 ہزار ایرانی جوس کے کین، 53 ٹن چائنیز نمک، 62 ٹن خشک دودھ، 26 ہزار لیٹر خوردنی تیل، اور 4 ٹن خوردنی گھی شامل ہیں۔
کلکٹر کسٹمز معین الدین وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضر صحت اور ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اسمگل شدہ اشیاء کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ تلف شدہ اشیاء کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ، غیر قانونی کاروبار کی حوصلہ شکنی اور مارکیٹ میں مضر اشیاء کی رسد کو ختم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف مقامات سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اشیاء برآمد کی جا رہی ہیں۔
