روس اور جاپان میں شدید زلزلہ سونامی الرٹس جاری متعدد افراد زخمی جوہری تنصیبات محفوظ

بحرالکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ پر واقع روس کے مشرقی علاقے کمچاتکا میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد نہ صرف مقامی آبادی کو سونامی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ جاپان، ہوائی، لاطینی امریکا اور چین میں بھی خطرے کی گھنٹیاں بجا دی گئیں۔
شرح سود 11 فیصد پر برقرار مہنگائی اور درآمدات میں اضافے پر گورنر اسٹیٹ بینک کا اظہارِ تشویش

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کمچاتکا کے دور افتادہ علاقوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جب کہ جاپان کے ساحلی شہروں میں انخلا کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

گورنر کمچاتکا ولادیمیر سولوڈوف نے اسے "کئی دہائیوں کا سب سے شدید زلزلہ” قرار دیا۔ روسی ایمرجنسی حکام کے مطابق بعض ساحلی علاقوں میں 3 سے 4 میٹر بلند سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں اور شہریوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت ابتدائی طور پر 8.0 بتائی گئی تھی، بعد ازاں اسے 8.8 کر دیا گیا، جس کے فوراً بعد 6.9 شدت کا آفٹر شاک بھی آیا۔ زلزلے کا مرکز پیٹرو پاووسک-کمچاتسکی شہر سے 119 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق میں اور 19.3 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

کمچاتکا جیوفزیکل سروس کے مطابق 1952 کے بعد یہ سب سے طاقتور زلزلہ ہے، جس کے بعد 7.5 شدت تک کے مزید جھٹکے آسکتے ہیں۔

ادھر جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے بھی 3 میٹر بلند سونامی کی لہروں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ساحلی آبادی کو فوری انخلا کی ہدایت دی۔ فوکوشیما جوہری پلانٹ کے کارکنوں کو بھی احتیاطاً نکال لیا گیا، تاہم سرکاری ترجمان نے جوہری تنصیبات کو محفوظ قرار دیا ہے۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ہوکائیدو میں درجنوں افراد اونچی عمارتوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں اور ماہی گیری کی کشتیاں بندرگاہوں سے باہر نکل گئی ہیں۔

ہوائی، میکسیکو، پیرو، ایکوایڈور اور چین میں بھی سونامی الرٹ جاری کر دیے گئے۔ ہوائی کی ایمرجنسی مینجمنٹ نے شہریوں کو اونچی زمین یا بلند عمارات کی چوتھی منزل پر منتقل ہونے کی ہدایت دی۔

میکسیکو سے لے کر چیاپاس تک تمام ساحلی بندرگاہوں پر وارننگ جاری کی گئی جبکہ پیرو، ایکوایڈور اور چین نے اپنے ساحلی علاقوں میں ممکنہ لہروں سے بچاؤ کے لیے انخلا اور بندشیں نافذ کر دیں۔

روسی حکام کے مطابق زلزلے سے زخمی ہونے والوں میں ایک شخص کھڑکی سے کود گیا جبکہ ایک خاتون نئی ایئرپورٹ ٹرمینل میں زخمی ہوئیں، تاہم تمام زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے اور کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

ساکھالن کے ساحلی قصبے سیویرو-کوریلسک میں سونامی سے جزوی سیلاب آیا، فِش پروسیسنگ پلانٹ اور ایک کنڈرگارٹن کو نقصان پہنچا، تاہم زیادہ تر عمارتیں محفوظ رہیں۔

روسی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ زلزلہ انتہائی شدید تھا، مگر مرکز کی نوعیت ایسی تھی کہ جھٹکے زیادہ محسوس نہیں ہوئے۔ آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے لیکن مزید بڑے زلزلے کا امکان کم ہے۔

66 / 100 SEO Score

One thought on “روس اور جاپان میں شدید زلزلہ سونامی الرٹس جاری متعدد افراد زخمی جوہری تنصیبات محفوظ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!