اسلام آباد: معروف وکیل اور تجزیہ کار سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی پارٹی قیادت سنبھالنے سے متعلق قیاس آرائیاں قبل از وقت ہیں، کیونکہ ان پر اب بھی پانچ سے چھ مقدمات زیر التوا ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کو دوٹوک جواب: کشمیر، دہشتگردی اور آبی معاہدے پر شدید اعتراضات
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی ابھی باہر نہیں آ رہے، اور موجودہ حالات میں کسی کے لیے بھی کوئی استثنا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب فسطائیت کا شکار ہیں، لہٰذا کسی غلط مفروضے پر مبنی رائے قائم نہ کی جائے۔
انہوں نے سخت الفاظ میں عدلیہ اور نظام انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ منصوبہ ساز اس ملک کی عدلیہ اور نظام کے ساتھ کر رہے ہیں، وہ قوم کے سامنے ہے، اور یہ صورتحال قابل قبول نہیں۔ یہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں، بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ انصاف کا نظام اب حملوں کا نظام بن چکا ہے۔ یہ نظام آج قوم کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے، اور زندہ قومیں ایسے چیلنجز پر خاموش نہیں رہتیں بلکہ اس کا مؤثر جواب دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی قوم اس سنگین صورتحال کا کیا جواب دیتی ہے۔
