قلات: بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب نمرغ کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس قومی شاہراہ پر سفر کر رہی تھی۔ حملے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جبکہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اب تک 3 لاشیں اور 5 زخمیوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) قلات منتقل کیا جا چکا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی بس پرفائرنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی ادارے اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کو قیمت ادا کرنی پڑے گی، اور حکومت و سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
