کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ کی سچل پولیس نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سپر ہائی وے اور ملحقہ علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی مسلح گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تین موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے سچل موڑ کے قریب شہری محمد عمران سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ متاثرہ شہری نے فوری طور پر گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت گل ولد ظاہر، علی خان ولد امیر جان اور علی ولد عبد الخالق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، چھینے گئے موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مؤرخہ 13 جولائی 2025 کو سعدی ٹاؤن کے قریب بھی ایک شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ سچل میں پہلے ہی درج ہے۔
ملزمان نے دورانِ انٹیروگیشن شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے، جن کی تفصیلات اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ پولیس ملزمان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی بھی جانچ کر رہی ہے۔
