راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر): انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) شافری شامس الدین نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) سے اہم ملاقات کی۔
ڈپٹی کمشنر وسطی کی ہدایت پر الااعظم چوک میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، تین گرفتار
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع کے ہمراہ عسکری اور انٹیلی جنس اداروں کے اعلیٰ نمائندگان پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی فوجی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، اسٹریٹجک تعلقات اور عسکری روابط کو اجاگر کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے دفاعی شعبے میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک سطح پر دفاعی شراکت داری کے فروغ میں ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔
