کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں پولیس نے لڑکیوں کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ایک خطرناک اور بدنام زمانہ ملزم سید ذیشان حسین شاہ عرف شانی کو گرفتار کرلیا ہے۔ کارروائی ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی، ایس پی بلدیہ ٹاؤن جناب جہان خان نیازی، ایس ڈی پی او امتیاز قاضی اور ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن انسپکٹر راؤ شبیر احمد کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔
سیف علی خان پر حملے کے بعد کرینہ کپور بھی نشانہ بنیں، اداکار رونت رائے کا انکشاف
پولیس کے مطابق ملزم سید ذیشان مختلف حیلوں بہانوں سے لڑکیوں کو ہراساں کرتا اور انہیں بلیک میل کر کے اپنی بات منوانے پر مجبور کرتا تھا۔ مزاحمت کی صورت میں وہ تشدد، تیزاب گردی اور حتیٰ کہ قتل جیسے انتہائی اقدامات سے بھی دریغ نہیں کرتا تھا۔
سال 2021 میں ملزم نے اپنی سابقہ بیوی پر دن دہاڑے مین روڈ پر تیزاب پھینک کر قتل کرنے کی کوشش کی تھی، جس پر اس کے خلاف مقدمہ نمبر 665/2021 بجرم دفعہ 336-اے/بی تھانہ سعیدآباد میں درج ہوا۔ سابقہ بیوی نے اس کی شراب نوشی، بدتمیزی اور تشدد سے تنگ آکر طلاق لے لی تھی۔
حالیہ واقعہ 12 جولائی 2025 کو پیش آیا جب ملزم نے ایک اور لڑکی پر صرف شادی سے انکار کے باعث فائرنگ کردی، تاہم خوش قسمتی سے لڑکی محفوظ رہی۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 311/2025 بجرم دفعہ 324/34 تعزیرات پاکستان تھانہ اتحاد ٹاؤن میں درج کیا گیا۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن انسپکٹر راؤ شبیر احمد کی قیادت میں پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مخبر خاص کی اطلاع پر چھاپہ مارا اور ملزم کو ناجائز اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔ اس ضمن میں اسلحہ برآمدگی پر مقدمہ نمبر 314/2025 بجرم دفعہ 23(1)-A آرمز ایکٹ بھی درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہوچکے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
-
مقدمہ نمبر 01/2021 – تھانہ اتحاد ٹاؤن
دفعات: 337-H(i), 324, 109, 34 ت پ
نوعیت: فائرنگ اور حملہ۔ -
مقدمہ نمبر 665/2021 – تھانہ سعیدآباد
دفعات: 336-اے / 336-بی ت پ
نوعیت: سابقہ بیوی پر تیزاب گردی کی کوشش۔ -
مقدمہ نمبر 311/2025 – تھانہ اتحاد ٹاؤن
دفعات: 324 / 34 ت پ
نوعیت: شادی سے انکار پر فائرنگ کی کوشش۔ -
مقدمہ نمبر 314/2025 – تھانہ اتحاد ٹاؤن
دفعہ: 23(1)-A آرمز ایکٹ
نوعیت: ناجائز اسلحہ کی برآمدگی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے حالیہ واردات میں دیگر نامعلوم ساتھیوں کے ساتھ مل کر فائرنگ کی، جن کی تلاش جاری ہے۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔
