صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی دو بڑی کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی چرس، ہیروئن اور آئس (میتھامفیٹامائن) برآمد کر لی گئی، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی لینڈ کروزر گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔
سندھ حکومت کی کرپشن اور ایس بی سی اے کی نااہلی نے کراچی کو کھنڈر بنادیا امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان
روہڑی سرکل میں اے ای ٹی او قمرالدین سیال کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ایک خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران گاڑی نمبر BE-2235 سے 100 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ پولیس نے دو مفرور ملزمان فضل حق اور قربان علی کو بھی گرفتار کر لیا۔
دوسری کارروائی کراچی کے ضلع وسطی میں نارکوٹکس آفیسر توصیف جونیجو کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔ خفیہ اطلاع پر منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 750 گرام آئس اور ہیروئن برآمد کی گئی۔ مزید تفتیش کے بعد اس خاتون کی نشاندہی پر ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے مزید 10 کلو ہیروئن اور 4 کلو آئس برآمد ہوئی۔ متعلقہ فلیٹ کو سیل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کامیاب کارروائیوں پر دونوں ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ صوبے سے منشیات کا مکمل خاتمہ اور نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے محکمہ نارکوٹکس کنٹرول کی سندھ بھر کی تمام چیک پوسٹوں پر نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سندھ اورنگزیب پنھور نے بھی دونوں ٹیموں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

