کراچی (نمائندہ خصوصی) — منشیات کے عادی افراد کو معاشرے کا مفید اور باعزت شہری بنانے کے لیے ضلع ملیر پولیس کی جانب سے ایک قابلِ تحسین قدم اٹھایا گیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے نشے کے عادی افراد کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے اٹھا کر بحالی مراکز منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
شیرشاہ پراچہ چوک پر ٹھیلے پتھاروں کے خلاف پولیس کارروائی، 7 افراد گرفتار
پولیس حکام کے مطابق، یہ اقدام نہ صرف انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرشار ہے بلکہ معاشرتی بہتری کی جانب ایک عملی قدم بھی ہے۔ اس سلسلے میں SHO قائدآباد اور DSP قائدآباد نے یونس ٹیکسٹائل اور لاٹھی گروپ کے سینئر افسران کے ہمراہ "سن رائز ری ہیبلیٹیشن سینٹر” کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سینٹر میں جاری بحالی پروگرام کا جائزہ لیا گیا اور پولیس کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ پولیس افسران نے بتایا کہ نشے کے عادی افراد کو مکمل طبی سہولیات، خوراک، دیکھ بھال اور چار ماہ کے بحالی کورس کے بعد ان کے گھروں کو واپس بھیجا جاتا ہے۔
لاٹھی گروپ کے نمائندوں نے پولیس کو یقین دہانی کرائی کہ کورس مکمل کرنے کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کو باوقار روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ دوبارہ نشے کی لعنت کی طرف نہ لوٹیں اور ایک مفید شہری کے طور پر زندگی گزاریں۔
پولیس کے مطابق، یہ عمل نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انسانی پہلو کو اجاگر کرتا ہے بلکہ معاشرے میں نشے کی لعنت سے نمٹنے کی ایک پائیدار کوشش بھی ہے۔


